باباجان عظیم رہنما ہیں، اُن سے گفت و شنید جاری ہے، جلد اہم اعلان ہوگا، اظہار ہنزائی







گلگت (پ ر) علم ، ترقی اور انصاف کیلئے کام کرونگا۔ بابا جان کے ساتھ بات چل رہی ہے کچھ دن میں اہم اعلان کرینگے۔ آزمائے ہوئے لوگوں کو آزمانا دانشمندی نہیں، ہم میرٹ پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی حلقہ 6 اظہار ہنزائی نے گلگت کے ایک مقامی ہوٹل میں گوجال اور خاص طور پر چپورسن یوتھ فورم کے ممبران کے ساتھ ایک اجلاس میں کی۔ انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سے روایتی جوڑ توڑ کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا اور ایسے لوگو ں کو موقع دینا چاہیے جو تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ جدید دور میں عوام کی بہتر نمائندگی کرنے کے اہل ہوں۔ انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کے موجودہ وسائل کو عوام اور علاقے کی بہتری کیلئے استعمال کرنے کے حوالے سے موثر پالیسی بنائی جائے۔ ہم بہت ساری چیزوں میں ہاتھ ڈالنا نہیں چاہتے اور نہ ہی بے کار مسائل میں الجھنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے تین اہم نکات اپنے منشور میں شامل کیے ہیں۔ گلگت بلتستان کی سیاسی و داخلی خود مختاری، معاشی خود مختاری اور ثقافتی خود مختاری۔ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ہمارا اولین ترجیح ہے ہم علاقے کی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ بجلی چین میں ایکسپورٹ بھی کر سکتے ہیں۔
پاک چین اکنامک کوریڈور کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم اس منصوبے کے اہم اسٹیک ہولڈر ہیں او ر اس منصوبے کے ساتھ گلگت بلتستان کے تمام علاقوں کو اس راہداری منصوبے سے ملانے والی تمام سڑکوں پر کام ہونا چاہیے تاکہ اس منصوبہ سے گلگت بلتستان کے تمام لوگوں کو فائدہ مل سکے۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان روایتی سیاست دانوں کا بسترہ گول کیا جائے۔ دو سال بعد نواز شریف نظر نہیں آئیگا، مال و دولت اور ڈالر لیکر ملک سے بھاگ جائیگا۔ پیپلز پارٹی بھی ون مین شو ہے، ذوالفقار مرزا زرداری پر بھاری پڑ رہا ہے۔ان پارٹیوں کے پاس کوئی پروگرام نہیں ہیں ان میں سے ایک پیسہ بانٹ رہا ہے اور سیاسی رشوت دیکر ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہا ہے، ایک کرپٹ آدمی پوری قوم کو کرپٹ کرنا چاہتا ہے جبکہ دوسرا بندہ حکمرانی کرنا اپنا مورثی حق سمجھتا ہے لیکن آج کے دور میں کوئی بھی باشعور قوم یہ قبول نہیں کر سکتی۔ انھوں نے کہا کہ چپورسن روڈ کی مرمت اور توسیع ہمار ی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، جب میں نے چپورسن کا دورہ کیا تو پتا چلا کہ یہاں کے عوام کس طرح ان مشکلات میں سفر کرتے ہیں۔ چپورسن میں سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے اس کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے اور ہم انشاء اللہ اس حوالے سے کام کرینگے۔
انھوں نے کہا کہ بابا جان کے ساتھ بات چل رہی ہے انشا اللہ کچھ دنوں میں اہم اعلان کرینگے اور ہم دونوں مل کر ہنزہ کی ترقی او ربہتری کے لئے کا م کرینگے۔ بابا جان نے ہنزہ کے لئے بہت قربانی دی ہے او ر ان کے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان اسمبلی کے 8 نشستیں جیتیں گے اور یہ ہماری اہم کامیابی ہوگی۔ اظہار ہنزائی نے کہا کہ ہارنے کو صورت میں بھی ہم اپنا کام اور کو ششیں جاری رکھیں گے اور ایک ایسی سول سوسائٹی تشکیل دینگے جو پہلے تو اپنی ہار کا پوسٹ مارٹم کرے گی او ربعد میں ہم ان کے ناک میں دم کرینگے۔ اجلاس میں آل پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدرنظرب خان نے اظہار ہنزائی کو یقین دلایا کہ وہ حلقہ6 سے اے پی ایم ایل کے نامزد امیدوار امان اللہ کو آپکے حق میں دستبردار ہونے کیلئے امادہ کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس بات پر شرکاء نے زور دار تالیاں بجا ئیں۔

Comments

Popular posts from this blog

بدترین لوڈ شیڈنگ، سکردو میں سڑکوں پر افطاری

Cheif of army

سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ کرنے پر وزیر اعظم برہم